پشاور( خبر نگار) بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام سے رقوم حاصل کرنے والے خیبر پختونخوا کے 34 افسر وں کی بیگمات کو طلب کر لیا گیاہے ،گریڈ 17سے گریڈ 20تک کے افسران کو مرحلہ وار ایف آئی اے نے تحقیقات کے لئے طلب کیا ہے ۔ خیبرپختونخوا کے مختلف صوبائی اور وفاقی محکموں کے افسران نے اپنی بیگمات کے ناموں پر بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام سے رقوم حاصل کی ہیں جو صوبے کے مختلف اضلاع میں مختلف عہدوں پرتعینات ہیں، ایف آئی اے کی جانب سے تحقیقات شروع کرنے کے بعد ان افسروں کو بھی طلب کیا گیا تھا جبکہ اب ان کی بیگمات کو طلب کیا گیاہے ایف آئی اے کی خصوصی ٹیم کی جانب سے افسر وں کی بیگمات کو بیانات قلمبند کرنے کیلئے طلب کرنے پر بعض افسران نے شدید احتجاج بھی کیا ، ایف آئی اے کی دو ٹیمیں بی آئی ایس پی سکینڈل کے حوالے سے تحقیقات کر رہی ہیں جو ڈی جی ایف آئی اے کو رپورٹ پیش کریں گی۔