کراچی،اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک،این این آئی،خبر نگار خصوصی)چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہاہے بس اب بہت ہوگیا، عوام 27فروی کو اسلام آباد کیلئے نکلیں اور عمران خان سے مہنگائی کا حساب لیں گے ۔عمران خان کو 27 فروی سے بجلی اورپٹرول کی قیمتوں میں اضافے کا خمیازہ بھگتنا ہوگا۔ بلاول بھٹو سے پی پی سنٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن انور سیف اﷲ خان، مرکزی ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات عاصمہ ارباب عالمگیر، سینئر رہنماظاہر شاہ، پیپلزپارٹی ضلع دیامرکے رہنمائوں حاجی دلبر خان، انجینئر نوید اقبال، نظام دین، سید امام مالک شاہ اور شیراﷲ نے ملاقات کی جس میں27فروری کے لانگ مارچ سے متعلق تیاریوں کا جائزہ لیاگیا،بلاول بھٹونے کہاگیس اور بجلی کے بعد پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ عوام کی جیب پر ڈاکہ اور ان کا معاشی قتل ہے ،عوام کو آئی ایم ایف کے پاس گروی رکھ دیاگیا،پیپلزپارٹی کا لانگ مارچ عوام کو مہنگائی اور معاشی بحران سے نجات دلانے کیلئے ہے ،مہنگائی اور بیروزگاری کا خاتمہ ہونا چاہئے ورنہ عمران خان سے نجات دلانا ضروری ہے ۔والی ریاست مدینہ کو خبر ہو کہ بجلی اور پٹرول کی قیمتوں اضافے کے اثرات عوام پر پڑیں گے ، پاکستان کے فیصلے بیرون ملک ہو رہے ہیں۔ شازیہ مری نے پٹرول کی قیمتوں میں مزید اضافہ مسترد کرتے ہوئے کہاعوام منتظر تھے کہ پٹرول کی قیمتوں میں کمی کر کے تھوڑا بہت ریلیف دیا جائیگاحکومت نے قیمتوں میں مزید اضافہ کرکے پسے ہوئے طبقے پر مزید بوجھ ڈال دیا،قیمتوں میں حالیہ اضافے سے مہنگائی میں مزید اضافہ ہوگا،پٹرول کی قیمتوں میں اضافے کا معاملہ پارلیمان میں اٹھائیں گے ،بتایا جائے قیمتوں میں اضافے کے ذریعے عوام کی جیبوں پر ڈاکہ ڈال کر کس کو فائدہ پہنچایا جا رہا ہے ؟،حکومت پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ فوری واپس لے ۔