لاہور(نمائندہ خصوصی سے )وفاقی حکومت کی ہدایات پر عملدرآمد کرتے ہوئے حکومت پنجاب نے صوبہ میں بہبود آبادی کے جامع پروگرام پر عملدرآمد کیلئے ایکشن پلان کو حتمی شکل دے دی ۔یہ بات صوبائی وزیر بہبود آبادی کرنل (ر) ہاشم ڈوگر اور چیف سیکرٹری پنجاب یوسف نسیم کھوکھر کی زیر صدارت اجلاس میں بریفنگ کے دوران بتائی گئی۔ سیکرٹری بہبود آبادی نے اجلاس کو محکمے کی کارکردگی، سٹرکچر اور جاری منصوبوں کے بارے میں بریفنگ دی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ صحت مند ماں اور صحت مند بچہ ہی صحت مند معاشرے کی بنیاد رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت آبادی میں بے پناہ اضافے جیسے سنگین مسئلے سے بخوبی آگاہ ہے اس لئے بجٹ میں محکمے کیلئے گزشتہ برس کے مقابلے میں دگنی رقم مختص کی گئی ہے ۔انہوں نے ہدایت کی کہ ماں اور بچے کی صحت کے حوالے سے پروگرامز پر کامیابی سے عملدرآمد کیلئے محکمہ صحت سے رابطہ کار بڑھایا جائے ۔ چیف سیکرٹری پنجاب یوسف نسیم کھوکھر کا کہنا تھا کہ تیزی سے بڑھتی ہوئی آبادی پر قابو پانے کیلئے ٹھوس اقدامات کی ضرورت ہے ، اگر اس اہم مسئلے پر توجہ نہ دی گئی تو آئندہ سالوں میں اس سے جنم لینے والے مسائل پر قابو پانا مشکل ہو جائے گا۔