مینگورہ ، پشاور (نمائندہ 92نیوز، مانیٹرنگ ڈیسک )محکمہ انسداد دہشت گردی ملاکنڈ ریجن نے ایلم پہاڑی میں آپریشن کے دوران تین خطر ناک دہشت گردوں کو ہلاک کردیا،محکمہ انسداد دہشت گردی ملاکنڈ ریجن کو اطلاع ملی تھی کہ ایلم پہاڑی ضلع بو نیر میں دہشت گرد تخریبی کاروائی کی غرض سے موجود ہیں جس پرانٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا گیا، ایلم پہاڑی علاقہ چڑ ضلع بونیر میں سی ٹی ڈی نفری اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس میں تین دہشت گرد ہلاک ہوگئے ،بھار ی اسلحہ برآمد ہوا،دہشت گردوں میں انعام اللہ عرف حُبیب ولد تاج محمد سکنہ ملوک آباد مینگورہ ، محمد وہاب عرف ابوبکر ولد شاکر اللہ ساکن عثمان آباد بنڑ، رحمت اللہ عرف فاروق ولد حبیب اللہ خان ساکن عثمان خیل قمبر ضلع سوات شامل ہیں، گزشتہ ماہ دہشتگردوں نے سکیورٹی فورسز اور پولیس پر ایلم پہاڑی میں حملہ کیا تھا جس میں دو آرمی اور ایک ایلیٹ فورس اہلکار شہید ہوگئے تھے ۔ آئی جی ثنا اللہ عباسی نے کہا دہشتگردوں اور مجرموں کیخلاف کارروائیاں جاری ہیں، 2دنوں کے دوران 3دہشتگرد اور 3اشتہاری مارے گئے ہیں، شہید آفیسر زبید ا للہ داوڑ کے قتل کی تحقیقات کیلئے جے آئی ٹی تشکیل دی ہے ، آفیسر کے قتل میں ملوث دہشتگردوں کو ہر صورت گرفتار کیا جائے گا۔