لندن (این این آئی)برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نے کہا ہے ان میں ابھی کورونا وائرس کی علامات موجود ہیں جس کی وجہ سے وہ بدستور آئسولیشن میں رہیں گے ۔برطانوی وزیراعظم کورونا وائرس ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد گزشتہ 7 روز سے 11 ڈاؤننگ سٹریٹ میں آئسولیشن میں موجود ہیں ۔ٹوئٹر پر ایک ویڈیو میسج میں بورس جانسن نے کہا اگرچہ میں کافی بہتر محسوس کر رہا ہوں اور میں نے اپنی7 روزہ آئسولیشن بھی مکمل کرلی تاہم ابھی معمولی سی علامات موجود ہیں۔ مجھے ابھی بخار ہے اسلئے حکومتی مشورے کے مطابق مجھے تمام علامات ختم ہونے تک سیلف آئسولیشن میں ہی رہنا ہے ۔انہوں نے اپنے پیغام میں لوگوں سے اپیل بھی کی کہ وہ اپنے گھروں میں ہی رہیں۔بورس جانسن نے ٹوئٹر پرویڈیوپیغام میں میڈیکل سٹاف کا شکریہ ادا کیا۔ ان کا کہنا تھا جو لوگ صبح شام کورونا وائرس کے خاتمے کی جنگ لڑ رہے ہیں، ہم ان کے شکر گزار ہیں۔برطانوی وزیراعظم سمیت شہریوں نے گلیوں میں کھڑے ہو کر کورونا کیخلاف برسرپیکار طبی عملہ کی حوصلہ افزائی کی او ر ان کی کاوشوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ان کیلئے تالیاں بجائیں۔