بوریوالا (تحصیل رپورٹر) پاکستان کے 71یوم آزادی کے موقع پرقائداعظم سٹیڈیم بوریوالہ میں سلام پاکستان تقریب میں دنیا کے سب سے بڑے پاکستانی پرچم کی رونمائی کی گئی۔ یہ پاکستانی پرچم 37ہزار مربع فٹ پر مشتمل ہے جس کی تیاری میں 4500میٹر کپڑا استعمال ہوا ہے اور اس کو تیار کرنے میں6ماہ کا وقت لگا ہے ۔پرچم کی تیاری میں میونسپل کمیٹی بوریوالہ، مقامی سکولوں اور سول سوسائٹی کی خصوصی کاوشیں شامل ہیں۔ قومی پرچم کی تقریب رونمائی میں ڈپٹی کمشنر وہاڑی عرفان علی کاٹھیا، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر وہاڑی احمد ناصر عزیز ورک، اسسٹنٹ کمشنربوریوالہ محمد عظیم ربانی، چیئرمین بلدیہ بوریوالہ چودھری محمد عاشق آرائیں، سی ای او ایجوکیشن شوکت علی شیروانی، پرنسپل سپیرئر کالج بوریوالہ چودھری آصف سردار، معروف و سماجی شخصیت شیخ شہزاد مبین، دیگر افسران، معززین شہراور طلبہ کی کثیر تعداد موجود تھی۔قومی پرچم کی رونمائی کے موقع پر طلبہ نے اپنے ہاتھوں سے زنجیربناکر وطن سے محبت اور آپس میں یکجہتی کا اظہار کیا۔سلام پاکستان تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر وہاڑی عرفان علی کاٹھیا نے کہا کہ اس تقریب کا حصہ ہونے پرمجھے بہت فخر اور خوشی ہے کہ آج بوریوالہ کی غیور عوام نے جشن آزادی کے موقع پر وطن سے محبت اور آپس میں یکجہتی کااظہار دنیا کے سب سے بڑے پاکستانی پرچم کو تیار کر کے کیا ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ زندہ قومیں اپنے جشن آزادی جوش وولولہ سے منایا کرتی ہیں اور اپنی آنے والی نسلوں کو آزادی کی اہمیت اور اپنے اسلاف کی جدوجہد سے آگاہ کرتی ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ بوریوالہ میں بہت پوٹینشل ہے اور یہاں کے لوگ اپنے شہر کے لئے بہت کچھ کرنے کا جذبہ رکھتے ہیں۔ یہاں کی سماجی شخصیات اپنے شہر کو سرسبز اور خوبصورت بنانے کے لئے بہترین خدمات انجام دے رہی ہیں اور جشن آزادی کے موقع پر 37ہزار پودے لگائے جارہے ہیں اور ضلعی انتظامیہ ان کا بھرپور ساتھ دے رہی ہے ۔ ہمیں اپنے ماحول کوآلودگی اور بڑھتے ہوئے درجہ حرارت کو کم کرنے کے لئے زیادہ سے زیادہ درخت لگانے ہوں گے اور جشن آزادی کے موقع پر ہر فرد ایک پودا ضرور لگائے اور اس کی حفاظت بھی کرے گا۔یہ ایک عظیم نیکی اور صدقہ جاریہ ہے ۔ہمیں اپنی دھرتی اور ملک کو سرسبز و شاداب بنانا ہوگا۔