فیصل آباد(گلزیب ملک )محکمہ تعلیم کے ذمہ داروں کی طرف سے فیصل آ باد سمیت پنجاب بھر کے سرکاری سکولوں میں سینکڑوں اساتذہ کی بوگس بھرتیوں کا انکشاف، محکمہ سکول ایجوکیشن نے اسامیوں کی تعداد کا تعین کرنے کیلئے سکول سربراہان سے ویکنسی پوزیشن مانگ لی، سکولوں میں اساتذہ کی تعیناتیوں کا مکمل ریکارڈ دستیاب نہ ہونے پر سربراہان پر یشانی کا شکار ہو گئے ہیں ، جبکہ پنجاب بھر سے 20 سال کا ریکارڈ طلب کیا گیا ہے ۔تفصیلات کے مطابق فیصل آ با دسمیت پنجاب بھر کے مختلف سرکاری سکولوں میں سینکڑوں اساتذہ کی بوگس بھرتیوں کا انکشاف ہوا ہے ، سکول ایجوکیشن نے گزشتہ برسوں میں کی جانیوالی تمام بھرتیوں اور تعیناتیوں کا ریکارڈ مانگ لیا ہے ، محکمہ تعلیم نے سکولوں میں اسامیوں کی تعداد کا تعین کرنے کیلئے سکول ہیڈز سے ویکنسی پوزیشن بھی مانگی ہے ، سکولوں میں اسامیوں کی تعداد دستیاب نہ ہونے پر سکول سربراہان سر پکڑ کر بیٹھ گئے ہیں اور اس معا ملہ سے نمٹنے کیلئے اقدامات کا سلسلہ شروع کر دیا ہے ۔محکمہ تعلیم کے مطابق سکول سربراہان کیلئے 2001ء سے 2020ء تک اپنے اداروں کی ویکنسی پوزیشن فراہم کرنا لازمی ہوگا۔سکول سربراہان ویکنسی پوزیشن فراہم کرنے کیلئے دو ہفتوں کی ڈیڈ لائن دی گئی ہے ۔ محکمہ سکول ایجوکیشن کے مطابق بوگس بھرتیوں کا انکشاف ہونے پر متعلقہ اساتذہ کیخلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔جس کے دوران انکے خلاف مقد مات کا اندراج کروانے کے ساتھ ساتھ انہیں نوکری سے فارغ بھی کر دیا جائیگا۔