بنوں،لکی مروت (نمائندہ 92نیوز )بنوں میں خونریز تصادم کے نتیجے میں باپ بیٹے سمیت چار افراد قتل جبکہ راہ گیر سمیت پانچ افراد زخمی ہو گئے ، زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جا تی ہے ، تھانہ صدر کی حدود میں واقعہ نصیر آباد میں دو فریقین کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں ایک فریق سے باپ بیٹے سمیت تین افراد ظہور خان ، احمد عباسی اور معتصم عباس جاں بحق ہو گئے جبکہ اللہ جان ، مانو گل اور تاج محمد زخمی ہو گئے ۔ زخمی تاج محمد خان کو تشویشناک حالت میں پشاور منتقل کر دیا گیا جبکہ دوسرے فریق سے شانیاز عرف شنی جاں بحق جبکہ یوسف زخمی ہو گئے ، زخمیوں میں ایک راہ گیر حمید اللہ بھی شامل ہے ، آخری اطلاعات تک واقعہ کی رپورٹ درج نہیں کروائی گئی جبکہ وجہ عداوت بھی معلوم نہ ہو سکی ۔ لکی مروت کے نواحی گائوں ناور خیل میں شادی کی تقریب میں 16 سالہ طالب علم اپنے باپ کے سامنے فائرنگ سے قتل کر دیا گیا ۔اس حوالے سے پولیس کا کہنا ہے کہ امین خان اپنے بیٹوں علی مرجان اور سرور جان کے ہمراہ زاہد اللہ کے ولیمے میں شریک تھا کہ اس دوران ملزم رضی خان نے پستول سے علی مرجان پر فائرنگ کردی جس سے وہ موقع پر جاں بحق ہوگیا۔پولیس نے ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے ۔