پشاور، راولپنڈی(نامہ نگارخصوصی،این این آئی) خیبرپختونخوا حکومت نے بچوں سے زیادتی کے الزام میں گرفتارملزم سہیل ایاز کو برطرف کردیاہے ۔سہیل ایاز محکمہ پی اینڈ ڈی کے ساتھ ورلڈ بینک کے ہیلتھ پراجیکٹ گورننس اینڈ پالیسی میں نومبر2017ء سے بطور کنسلٹنٹ کام کر رہا تھا۔پی اینڈڈی کے اعلامیہ کے مطابق حکومت نے سہیل ایاز کو کنٹریکٹ کی شق 12کی خلاف ورزی،دھوکہ دہی اور غیر اخلاقی سرگرمیوں پر برطرف کیا گیا ۔سہیل ایاز کا محکمہ پی اینڈ ڈی کے ساتھ کنٹریکٹ جون 2020ء تک تھا ۔ملزم سہیل ایاز ماہانہ 3 لاکھ 45 ہزار روپے تنخوا ہ لے رہا تھا۔علاوہ ازیں سول جج و جوڈیشل مجسٹریٹ راولپنڈی سید قمر عباس نے ’’انٹر نیشنل ڈارک ویب‘‘کے سرغنہ سہیل ایاز عرف علی کا 5روز کا جسمانی ریمانڈ منظور کرتے ہوئے تفتیشی آفیسر کی تحویل میں دے دیا ۔ ملزم کے خلاف تھانہ روات پولیس نے کم سن بچے حمزہ کی والدہ کی درخواست پر مقدمہ درج کیا اور تحقیقات شروع کیں۔