لاہور(پ ر)ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سروسز ڈاکٹر ہارون جہانگیر خان نے کہا ہے کہ پولیو سے بچاؤیقینی بنانے کیلئے ہمیں اپنے سماجی رویوں کو بدلنا ہوگا۔والدین کو قومی ذمہ داری کا خیال کرتے ہوئے ہر مہم میں بچوں کو پولیو کے قطرے لازمی پلوانے چاہئیں ۔پولیو کی ویکسینیشن بالکل محفوظ اور عالمی ادارہ صحت سے منظور شدہ ہے ۔انہوں نے کہا ہے کہ 24 اکتوبر عالمی سطح پر پولیو سے بچاؤ کے طور پر منایا جاتا ہے ۔پنجاب حکومت نے اس سلسلے میں تمام اضلاع کو مراسلہ جاری کیاہے کہ ہسپتالوں ،اسکولوں، کالجوں اور پبلک مقامات پرپولیو سے بچائو کیلئے آگاہی مہم اور سیمینارز کا انعقاد کیا جائے ۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے ڈائریکٹوریٹ جنرل سروسز میں ورلڈ پولیو ڈے کے حوالے سے منعقدہ ہیلتھ فورم میں کیا ۔ہیلتھ فورم میں چیئرمینNITAG پروفیسر ڈاکٹر طارق بھٹہ، ڈائریکٹر ای پی آئی ڈاکٹر محمد سعیداختر، ڈائریکٹر ہیڈکوارٹر ڈاکٹر احمد ندیم، ایڈیشنل ڈائریکٹر ڈاکٹر شکیل احمدکے علاوہ یونیسف، عالمی ادارہ صحت، روٹری کلب کے نمائندگان نے بھی شرکت کی۔