لاہور (شوبز ڈیسک) نامور اداکارہ جویریہ سعود نے کہا ہے کہ بچوں کی پرورش میں ماں اور باپ کا کلیدی کردار ہوتا ہے ،ذمہ داریوں سے غفلت برتی جائے تو بچے اپنے اصل ٹریک سے اتر جاتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ماں بچوں کی پرورش میں بہت اہم کردار ادا کرتی ہے اور یہ اس کا فرض بھی ہے مگر اس کے ساتھ باپ کو بھی اپنے بچوں کی تعلیم و تربیت پر بھرپور دلچسپی لینی چاہیے ۔ جب میاں بیوی مل کر بچوں کی پرورش کرتے ہیں تو ان میں خود اعتمادی آتی ہے اور وہ بڑے ہو کر معاشرے میں ایک اچھے شہری کا کردار ادا کر سکتے ہیں ۔ جویریہ سعود نے کہا کہ تمام والدین کو اپنے بچوں کی پرورشن پر خصوصی توجہ دینے کے ساتھ ان سے دوستانہ رویہ بھی رکھنا چاہیے تاکہ وہ اپنے دل کی ہر بات آپ سے کہہ سکیں ۔ خوف سے بچوں کے ذہنوں پر منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ بطور ماں جہاں تک میرا کام ہوتا ہے میں اپنے اس عمل کو بخوبی انداز میں ادا کرنے کی کوشش کرتی ہوں اور میری خواہش ہے کہ میرے بچے مستقبل میں اس ملک کی خدمت کریں ۔