مکرمی! بچوں کی تربیت آج کے دور میں کتنی مشکل ہو چکی ہے۔ جدید ایجادات کے بعد تو بچوں پر نظر رکھنا بھی ہو چکا ہے۔اگرچہ والدین کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ بچوں کی کردار سازی پر توجہ دیں، مگر حکومت کی بھی ذمہ داری ہے کہ وہ بچوں کی تربیت میں اپنا کردار ادا کرے۔اب جس طرح سے کورونا وائرس نے تعلیمی اداروں کو بند کر رکھا ہے اور آن لائن کلاسوں کے ذریعے تعلیم دی جا رہی ہے۔بچے زیادہ وقت گھر پر ہونگے تو اُن کے وقت کو فائدہ مند بنانے کے لئے ضروری ہے کہ ایسے پروگرام نشر کیے جائیں جن سے حب وطنی، اخلاقیات کے ساتھ ساتھ سوچ کے دھار ے کو بھی بدلنے کی کوشش کی جا سکے۔ دیکھنے میں آرہا ہے کہ ہمارے ہاں قومی ٹیلی ویژن سے لے کر نجی ٹی وی اداروں تک کوئی بھی بچوں کی تربیت کے حوالے سے پروگرام نشر نہیں کر رہا ہے۔ایک زمانے میں سرکاری ٹی وی بے شمار پروگرام نشر کرتا تھا مگر اب ایسا نہیں ہے۔ موجودہ حکومت ایک بچوں کے لئے بھی ٹی وی چینل کھولنا چاہیے، جہاں اُردو زبان کے ہر ادیب کی کہانیوں، نظموں اور ڈراموں کو پیش کیا جائے تاکہ وہ تفریح کے ساتھ ساتھ کچھ سیکھ بھی سکیں۔اس کے ساتھ ساتھ نجی ٹی وی مالکان کوبھی بچوں کے لئے پروگرام کا آغاز کرنا چاہیے، اس کو بھی منافع بخش بنا یا جا سکتا ہے ، اس سلسلے میں مشہور بچوں کے رسائل وجرائد کے مالکان سے رابطہ کرکے اس سلسلے کو کامیاب کرایا جا سکتا ہے۔ (ذوالفقار علی بخاری)