اسلام آباد(سپیشل رپورٹر) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ایک سال سے کینسر میں مبتلا 15 سالہ بچے علی رضا کی خواہش پوری کردی اور اس اس سے ویڈیو لنک کے ذریعہ ملاقات کرلی، پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) میجر جنرل بابر افتخار کی طرف سے ٹویٹر پر جاری بیان کے مطابق پاک فوج کے سپہ سالار جنرل قمر جاوید باجوہ سے 15 سالہ بچے علی رضا کی یہ ملاقات ویڈیو لنک کے ذریعے ہوئی، آرمی چیف نے علی رضا کے جذبے کو سراہا، اس کی طبیعت پوچھی اور اس کی صحت یابی کیلئے دعا کی، ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار کا مزید کہنا تھا کہ 15 سالہ علی رضا نے آرمی چیف سے ملاقات اور آرمی میں شمولیت کی خواہش ظاہر کی تھی ، ملاقات کرنے پر 15 سالہ بچے علی رضا نے آرمی چیف کا شکریہ ادا کیا، علی رضا کو آرمی چیف کی جانب سے الضرا رٹینک کا ماڈل پیش کیا گیا، علی رضا نے ملاقات کے دوران کہا میں پاک فوج کی وردی پہن کر بہت خوش ہوں، علی رضا سے متعلق پتہ چلا ہے وہ اپنے والدین کا اکلوتا بیٹا ہے ، اس کے والد کراچی کی فیکٹری میں مزدور ہیں۔