لاہور(خصوصی نمائندہ)وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدارکی زیرصدارت 90 شاہراہ قائداعظم پر صوبائی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں نئے مالی سال 2019-20 کے بجٹ کی منظوری دی گئی۔اجلاس میں صوبہ پنجاب کے نئے مالی سال 2019-20 کی بجٹ تجاویز کو اتفاق رائے سے منظور کیا گیا اور مالیاتی بل 2019 کی بھی منظوری دی گئی،اجلاس میں ضمنی بجٹ مالی سال 2018-19 کی منظوری کے ساتھ مالی سال 2018-19 کے نظرثانی شدہ تخمینہ جات کی بھی منظوری دی گئی، اجلاس میں جنوبی پنجاب کے تینوں ڈویژن کے فنڈز کسی دوسری جگہ ٹرانسفر کرنے پر پابندی کا فیصلہ کیا گیا اور آئندہ جنوبی پنجاب کیلئے مختص فنڈز جنوبی پنجاب پر ہی خرچ کرنے کے فیصلے کی منظوری دی گئی،وزیراعلیٰ پنجاب اور صوبائی وزرا نے رضاکارانہ طور پر اپنی تنخواہوں میں 10 فیصد کمی کا اعلان کیا، وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے بجٹ مرتب کرنے پر صوبائی وزیر خزانہ ہاشم جواں بخت، مشیر ڈاکٹر سلمان شاہ، چیف سیکرٹری، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات، سیکرٹری خزانہ اور متعلقہ محکموں کے افسران کی کارکردگی کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پوری ٹیم نے انتہائی محنت کے ساتھ بجٹ کی تیاری کا مشکل مرحلہ مکمل کیا اور میں اپنی او رکابینہ کی جانب سے پوری ٹیم کا شکریہ ادا کرتا ہوں، انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت کا بجٹ عام آدمی کی فلاح و بہبود کے لئے ہے اور اس بجٹ میں عام لوگوں کا احساس کیا گیا ہے ، مشکل حالات کے باوجود وزیراعظم عمران خان کے وژن کے مطابق بجٹ میں عام آدمی کو ریلیف دینے کیلئے اقدامات تجویز کئے گئے ہیں ، وزیراعلیٰ نے کہا کہ نئے بجٹ میں تمام علاقوں کی پائیدار اور متوازن ترقی کو ترجیح دی گئی ہے ،سماجی شعبے کی بہتری کیلئے بے مثال اقدامات تجویز کئے گئے ہیں،پنجاب کی تاریخ میں پہلی بار ہیومن ریسورس ڈویلپمنٹ کی ترقی پر خرچ کرنے کیلئے پائیدار اقدامات کئے گئے ہیں،جنوبی پنجاب اور پسماندہ علاقوں کو ماضی میں بری طرح نظرانداز کیا گیا جبکہ حکومت نے جنوبی پنجاب اور دور دراز علاقوں کی ترقی و خوشحالی کیلئے ٹھوس اقدامات کئے ہیں، انہوں نے کہا کہ بجٹ میں حقیقت پسندانہ اہداف مقرر کئے ہیں اور صوبے کے عوام کی بنیادی ضروریات کو مدنظر رکھ کر ترجیحات کا تعین کیا گیا ہے ، یہ بجٹ اعدادوشمار کی جادوگری نہیں بلکہ صوبے کے عوام کی پائیدار اور متوازن ترقی پر مبنی حقیقی دستاویزہے اور پنجاب کے عوام کی پائیدار ترقی و خوشحالی کی ٹھوس بنیاد رکھی گئی ہے ، انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کا کام صرف شور مچانا رہ گیا ، سیکرٹری خزانہ نے صوبائی بجٹ اور سالانہ ترقیاتی پروگرام کے اہم خد و خال کے حوالے سے کابینہ کو بریفنگ دی، وزیراعلیٰ نے بجٹ دستاویزات پر دستخط بھی کئے ، اجلاس میں صوبائی وزراء ، مشیران، معاونین خصوصی، چیف سیکرٹری اور متعلقہ محکموں کے سیکرٹری صاحبان نے شرکت کی،وزیر اعلیٰ سردار عثمان بزدارنے پنجاب اسمبلی کے بجٹ سیشن میں شرکت کی، وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار نے بجٹ سیشن کے دوران صوبائی وزیر خزانہ ہاشم جواں بخت کو متوازن اور عوام دوست بجٹ پیش کرنے پر مبارکباد دی، وزیراعلیٰ نے صوبائی وزیر خزانہ کی بجٹ تقریر کو سراہا اور انہیں ہاتھ ملاکر مبارکباد دی، وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارسے وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے ملاقات کی،پنجاب اسمبلی میں وزیراعلیٰ چیمبرمیں ہونے والی ملاقات میں سیاسی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امورپر تبادلہ خیال کیا گیا،ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو متوازن اور بہترین بجٹ پیش کرنے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ مشکل اقتصادی صورتحال کے باوجود حکومت پنجاب کا بجٹ ہر لحاظ سے قابل تحسین ہے ،وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدارسے پنجاب اسمبلی چیمبر میں صدر لاہور پریس کلب ارشد انصاری نے ملاقات کی،وزیراعلیٰ نے صحافیوں کو درپیش مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت صحافیوں کے مسائل کے حل کیلئے کوشاں ہے ۔وزیراعلیٰ نے پنجاب اسمبلی کے بجٹ اجلاس کے دوران ایوان کو احسن طریقے سے چلانے پر سپیکر چودھری پرویزالٰہی کی تعریف کی ، جبکہ چودھری پرویزالٰہی نے مشکل حالات میں صوبہ کا عوامی بجٹ پیش کرنے پر وزیراعلیٰ کو مبارکباد پیش کی۔