لاہور(بابر علی) بلدیہ عظمیٰ لاہورکی جانب سے شہر میں لگائی گئی سات بکر منڈیوں میں بیمار جانوروں کے علاج کیلئے الگ جگہ مختص نہیں کر نے کے باعث شہریوں کو شدید خطرات لاحق ہیں ۔ اس حوالے سے ناقص حکمت عملی بکر منڈیوں میں کا نگو وائرس، ٹی بی اور اینتھریکس جیسی جان لیوا بیماریوں سے بچاؤ کیلئے کیے جانے والے حفاظتی انتظامات پر سوالیہ نشان ہے جبکہ موجودہ موسم بھی کانگو وائرس کا باعث بننے والی جانوروں کی چیچڑیوں کی پیدوار کیلئے انتہائی ساز گار ہے ۔ تفصیلات کے مطابق گرمی ، بارشوں اور حبس پر مشتمل موجود موسمی صورتحال میں جانوروں کی چیچڑیوں کی پیدوار کیلئے انتہائی ساز گار ماحول ہے ۔ صوبائی دارلحکومت میں سات مقامات پر قائم کی گئی منڈیوں میں بیمار جانوروں کو علاج کیلئے صحت مند جانوروں سے دور رکھنے کیلئے کوئی الگ جگہ مختص نہیں کی گئی جو کہ انتہائی خطرناک صورتحال ہے ۔واضح رہے کہ کا نگو وائرس، ٹی بی اور اینتھریکس جانوروں سے جانوروں میں اور جانوروں سے انسانوں میں منتقل ہو سکتی ہیں ، صرف ٹی بی کا علاج ممکن ہے لیکن کا نگو وائرس اور اینتھریکس کا علاج ممکن نہیں ہے ۔ تاہم منڈیوں میں جانوروں کو فرسٹ ایڈ فراہم کر نے اور سپرے وغیرہ کیلئے میڈیکل کیمپ قائم ہیں ۔