بٹگرام،قصور،حافظ آباد،کامونکے ،ایمن آباد( نمائندہ 92نیوز،ڈسٹر کٹ رپورٹر،نامہ نگاران ) نامعلوم وجوہات پر شقی القلب شخص نے خاندان کے 5افراد کو قتل کردیا۔دیگر مقامات پر خاتون سمیت 3افراد کو قتل کردیا گیا۔ بتایا گیا ہے کہ بٹگرام کے علاقہ بر بانڈہ پزنگ تحصیل الائی میں شقی القلب شخص نے اپنے ہی خاندان کے پانچ افراد کو قتل کردیا، ملزم خود بھی پولیس کی فائرنگ سے مارا گیا، ملزم نے بچوں کو یرغمال بنا رکھا تھا اور اہل علاقہ کو بھی قتل کرنے کی دھمکیاں دے رہا تھا، ڈی پی او بٹگرام طارق سہیل مروت نے خود موقع پر پہنچ کر جائزہ لیا اور قاتل سے بات چیت کرنا چاہی مگر مذکورہ شخص کسی قسم کی بات چیت کیلئے تیار نہیں تھا اور پولیس پر اندھادھند فائرنگ شروع کردی جس کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار بازو پر گولی لگنے سے زخمی ہوگیا، پولیس کی جوابی فائرنگ کے نتیجے میں ملزم جہانزیب مارا گیا۔دریں اثناقصور پھول نگر کے محلہ صابری میں مقصود اور اس کے بھائیوں مسعود اور شہزاد کا اپنے چچا پرویز اقبال کے ساتھ گھریلو تنازع چلا آ رہا تھا کہ مقصود وغیرہ نے اپنے چچا پرویز اقبال کو ڈنڈوں کے وار کرکے مار ڈالا ۔ حافظ آباد کے نواحی گاؤں جوریاں میں تصور حسین ، ارسلان، فیضان اور محمد ارشد کے مابین زرعی زمین میں پیٹرانجن چلانے پر جھگڑا ہوا۔تواس دوران غریب محنت کش دلاور حسین کی بیوی لبنیٰ نے درمیان آکر انہیں روکنے کی کوشش کی تو ملزمان نے اس پر فائرنگ کردی جس کے نتیجہ میں لبنیٰ بی بی جاں بحق ہوگئی۔ کامونکے ،ایمن آباد ٹبہ محمد نگر کے غلام مصطفی اور عمران کے بچوں میں چند روز قبل معمولی جھگڑا ہوگیا تھا جس کی ملزمان نے رنجش دل میں رکھی گزشتہ روزاحمد،انیس،عمران،زین اور عون حیدر غلام مصطفی کو قریبی کھیتوں میں لے گئے اور اسے زبردست تشدد کا نشانہ بناتے ہوئے قتل کردیا۔