پشاور( نیوز رپورٹر)خیبرپختونخوا کے وزیر اطلاعات شوکت یوسفزئی نے بی آر ٹی کی تکمیل کی ڈیڈلائن میں ایک ماہ کی پھر توسیع کا اعلان کردیا،اگلے ماہ فنکشنل ہوگی۔میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہے اپوزیشن نے بی آر ٹی پر بہت تنقید کی لیکن آج بھی اپوزیشن اور شہباز شریف کو چیلنج کرتا ہوں کہ پراجیکٹ لاہور، اسلام آباد اور ملتان میٹرو سے فی کلو میٹر کے حساب سے سستا ہے ۔ لاہور میٹرو 27 کلو میٹر آج سے تقریباً آٹھ سال پہلے 40 ارب پر بنی تھی جبکہ پشاور بی آر ٹی 28 کلومیٹر 35 ارب پر بن رہی ہے جو اپریل میں فنکشنل ہو جائے گی واضح رہے کچھ عرصہ قبل شوکت یوسفزئی نے بی آر ٹی کو مارچ میں فنکشنل کرنے کا اعلان کیا تھا تاہم ڈیڈلائن قریب آنے پر اپریل کی نئی ڈیڈلائن دیدی۔ پشاور بی آر ٹی کی بسیں اپنی خریدی ہوئی ہیں جبکہ لاہور میٹرو کی بسیں آج بھی کرایے پر ہیں۔ پشاور بی آر ٹی میں سایئکل ٹریک، فیڈر روٹس اور کمرشل پلازے اضافی ہیں،افغان امن معاہدے کے حوالے سے انکا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان نے 20 سال پہلے جب کہا تھا کہ امریکہ کو طالبان سے مذاکرات کرنے چاہئیں تو اس وقت کی حکومت نے ان کا مذاق اڑایا تھا۔ انٹرا افغان ڈائیلاگ میں بھی پاکستان کا کردار سب سے اہم ہوگا۔ تحریک انصاف ملک کے تمام اداروں کو اپنے پاؤں پر کھڑا کر رہی ہے ۔ نواز شریف کا ذکر کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ پاکستان میں روز نواز شریف کے پلیٹ لٹس کم ہوا کرتے تھے ، لندن میں بیٹھ کر خود ٹھیک ہو گئے ہیں، نواز شریف کی ضمانت دینے والے شہباز شریف خود ملک سے فرار ہیں، لگتا ہے کہ حکومت کو اپوزیشن لیڈر کے لیے اشتہار دینا پڑے گا۔