نئی دہلی،اسلام آباد(،مانیٹرنگ ڈیسک، نیوز ایجنسیاں،نیٹ نیوز)بھارت نے سفارتی آداب کی ایک بار پھر دھجیاں اڑا دیں، نئی دہلی میں بھارتی خفیہ ایجنسی ’’را ‘‘کے حکام نے راستہ روک کر پاکستانی ناظم الامور اور قائم مقام ہائی کمشنرسے بدتہذیبی کی،سید حیدر شاہ کی گاڑی کو بار بار روکاگیا۔باوثوق ذرائع کے مطابق نئی دہلی میں سفارتی آداب کی دھجیاں اڑانے کاواقعہ اس وقت پیش آیا جب سید حیدر شاہ دفتر سے گھر جا رہے تھے ۔ پاکستان نے واقعہ پر شدید احتجاج کرتے ہوئے بیان میں کہا کہ بھارتی اقدام قابل مذمت، ویانا کنونشن اور سفارتی آداب کی خلاف ورزی ہے ۔ پاکستانی ہائی کمیشن نے عالمی قوانین اور سفارتی آداب کے تحت ہر کام کیا۔ بھارتی اقدام پاکستانی ہائی کمیشن کی سفارتی سرگرمیوں کو روکنے کی کوشش ہے ۔ بھارت ان اقدامات سے اندرونی اور بیرونی مسائل سے توجہ ہٹا سکتا نہ مقبوضہ کشمیر میں جاری ظلم اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر پردہ ڈال سکتا ہے ۔