نئی دہلی(نیٹ نیوز) جنگی جنون میں مبتلا بھارتی حکومت نے اپنی افواج کیلئے 181 ارب روپے سے زائد کے جنگی سودے کی منظوری دیدی۔بھارتی خبررساں ادارے کے مطابق بھارتی وزیر دفاع راجناتھ سنگھ کی زیرصدارت دفاعی خریداری کونسل کے اجلاس میں ایئر فورس کیلئے 106 بیسک ٹرینر طیاروں کی خریداری سمیت ایک کھرب 81 ارب روپے کی دفاعی خریداری کی تجاویز منظور کی گئیں۔بحریہ اور کوسٹ گارڈز کے جنگی جہازوں کیلئے بھی سپر ریپڈ گن ماؤنٹ کی خریداری کی بھی منظوری دی گئی۔علاوہ ازیں ٹائمز آف انڈیا کے مطابق بھارت نے سرحدوں پر کشیدہ صورتحال کے پیش نظرچینی سرحد کے قریب لیہہ سیکٹر پر لائٹ کمبیٹ ہیلی کاپٹرز (ایل سی ایچ) تعینات کر دئیے ہیں۔ یہ ہیلی کاپٹرز ہندوستان ایئروناٹکس لمیٹڈ نے تیار کئے ، کمپنی نے اپنے بیان میں کہا کہ مذکورہ ہیلی کاپٹرزکو بھارتی فضائیہ کی مدد کیلئے مختصر نوٹس پر انتہائی بلند علاقے میں تعینات کیا گیا ۔ بھارتی کمپنی نے یہ ہیلی کاپٹرز دفاعی پیداوار میں خودانحصاری کے منصوبے کے تحت تیار کئے ہیں۔