بھارت اسرائیل اور افغانستان سمیت بعض مغربی ممالک کے خفیہ ادارے پاکستان کو عدم استحکام سے دو چار کرنے کیلئے داعش کی پاکستان خصوصاًبلوچستان اور سندھ میں پاؤں جمانے میں ہر طرح مدد کررہے ہیں اس مقصد کے لئے پاک افغان سرحدی شہر سپین بولدک میں بیس کیمپ قائم کیا گیا ہے جہاں خودکش حملہ آوروں کو فوجی اور خودکش حملوں کی تربیت دیکر پاکستان بھیجا جارہا ہے خصوصاً موجودہ انتخابات اور سی پیک منصوبوں کو سبوتاژ کرنے کیلئے بھاری فنڈز مختص کئے گئے ہیں اور سانحہ مستونگ بھی اسی سلسلے کی کڑی ہے ۔انتہائی باوثوق ذرائع کے مطابق مستونگ میں شہید سراج رئیسانی کے انتخابی جلسے میں خودکش حملہ کرنے والے 20 سالہ حفیظ عباسی کا بنیادی طور پر تعلق ایبٹ آباد سے ہے لیکن اس کا باپ محمد نواز خاندان کے ہمراہ سالوں پہلے سندھ کے ضلع ٹھٹھہ کے شہر دھابیجی شفٹ ہوگیا تھا اور آج بھی وہ دودھ اور سبزی بیچتاہے تاہم اس کی بیوی 3 بیٹیاں اور 2 بیٹے چند سال پہلے افغانستان منتقل ہوچکے ہیں اور سپین بولدک میں رہائش پذیر ہیں جہاں وہ کالعدم تنظیم داعش کیلئے کام کرتے ہیں۔ حفیظ عباسی کے موبائل فون نمبر سے ملنے والی تفصیلات کے مطابق وہ 29 جون کو سپین بولدک سے چمن ، قلعہ عبداﷲ اور مستونگ پہنچاجہاں اس نے 13 جولائی کو شہید سراج رئیسانی کے انتخابی جلسہ میں خودکش حملہ کیا جس میں اب تک 152 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں اس کی چمن قلعہ عبداﷲ اور مستونگ میں مقامی سہولت کاروں نے مدد کی جن میں سے 3 گزشتہ روز قلات میں سکیورٹی فورسز کیساتھ مقابلے میں مارے گئے جبکہ کراچی اور بلوچستان میں اس حوالے سے کچھ گرفتاریاں بھی کیں ہیں۔ حفیظ عباسی نے پاکستان پہنچنے کے بعد اپنے موبائل فون سے 9 لوگوں سے رابطہ کیا تھا جن میں سے 3 کا تعلق سندھ سے تھا۔ ذرائع کے مطابق اس کے دوبھائی عبدالعزیز اور عبدالشکور بھی سپین بولدک میں خودکش حملوں کی تربیت مکمل کرچکے ہیں جنہیں کسی بھی وقت خودکش حملوں کیلئے استعمال کیا جاسکتا ہے تاہم کالعدم مذہبی تنظیم کو پاکستان میں پیر جمانے کیلئے را موساد اور این ڈی ایس کی مذموم کارروائیوں کو روکنے کیلئے سکیورٹی ادارے بھی پوری طرح متحرک ہوگئے ہیں اور خصوصاًبلوچستان سے ملنے والی افغانستان کی طویل سرحد کی کڑی نگرانی کی جارہی ہے اور اس حوالے سے مقامی قبائل کو بھی اعتماد میں لیا گیا ہے جنہوں نے اس حوالے اپنے مکمل تعاون کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ انکا مرنا جینا پاکستان کیلئے ہے اور وہ دشمن کے ناپاک عزائم خاک میں ملانے کیلئے اپنے سکیورٹی اداروں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں ،دشمن کی سازشوں کو ناکام بنانے کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے ۔