نیویارک ( ندیم منظور سلہری سے ) اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے ایک مباحثہ سے خطاب کرتے ہوئے کشمیر میں بھارتی افواج کی جانب سے نسل کشی پر بھارت کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ بھارت خطے میں امن کے لیے سب سے بڑا خطرہ ہے ، بی جے پی حکومت آر ایس ایس کے نظریات کو فروغ دے رہی ہے جسکا مقصد بھارت کو ہندو ریاست بنانا ہے ۔ بھارت میں فسطائیت نظام رائج کر کے مسلم شناخت اور ورثے کو مٹایا جا رہا ہے ۔ کشمیر میں بھارتی اقدامات دراصل ہندو تنگ نظری اور منظم اسلام دشمنی کا نتیجہ ہیں کشمیر میں بڑے پیمانے پر خون ریزی اور نسل کشی کا خطرہ بڑھ گیا ہے ۔ عالمی برادری نے اگر بھارتی جارحیت کو روکنے میں کردار ادا نہ کیا تو امن و سلامتی کو شدید خطرات لاحق ہو سکتے ہیں ۔