لاہور(خصوصی نمائندہ) گورنر پنجاب چودھری سرور سے اراکین برطانوی پار لیمنٹ نے ملاقات کی ۔برطانوی وفد نے گور نر پنجاب کو کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف وزریوں پر برطانوی پارلیمنٹ میں بھر پور آواز بلند کر نے کی یقین دہانی کرادی۔ گورنر پنجاب چودھری سرور سے بر طانوی ا رکان پار لیمنٹ ڈیبی ابراہمز، مارک ایسٹ ووڈ،سارہ برٹکلف،لارڈ قربان،جوڈی کمننز،طاہر علی،عمران حسین، کونسلر و ممبر نیشنل ایگزیکٹو کمیٹی لیبر پارٹی یاسمین ڈاراور راجہ نجابت حسین و دیگرنے ملاقات کی جس میں مسئلہ کشمیر،بھارتی جنگی جنون اور خطے کی مجموعی صورتحال کے بارے میں بات چیت کی گئی۔گورنر پنجاب نے کہا بھارت انتہا پسندی کا گڑھ بن چکا ، دنیا آخر کب تک خاموش رہے گی؟ خطے میں امن کیلئے مسئلہ کشمیر کا حل لازم ہو چکا ۔وقت آچکاہے اقوام متحدہ سمیت تمام عالمی ادارے مسئلہ کشمیر پر خاموش تماشائی بننے کی بجائے کشمیر میں کر فیو کے خاتمے اور مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کر انے کیلئے اپنا کردار ادا کر یں ۔ بر طانوی وفد نے کہا کشمیر میں جو کچھ ہورہا ہے وہ پوری دنیا کیلئے لمحہ فکر یہ ہے اور بھارت میں متنازعہ شہر یت قانون بھی بنیادی انسانی حقوق کی نفی ہے جس کیخلاف ہم بر طانوی پار لیمنٹ میں بھر پور آواز بلند کریں گے ۔گورنر ہائوس میں کبڈی ورلڈ کپ کی فاتح پاکستانی کبڈی ٹیم کے اعزاز میں عشائیہ دیا گیاجس میں گورنر پنجاب نے خصوصی شرکت کی۔ صوبائی وزیر کھیل رائے تیمور بھٹی بھی موجود تھے ۔گورنر ہائوس آمد پر کبڈی ٹیم کا ڈھول کی تھاپ پر شاندار استقبال کیا گیا۔قومی ٹیم کو بگھیوں پر پنڈال میں لایا گیا۔گورنر پنجاب نے تمام کھلاڑیوں کو روایتی پگ پہنائی اور شیلڈز اور میڈلز دیئے ۔انہوں نے کھلاڑیوں کو بہترین کارکردگی پر ایک ملین روپے کا انعام بھی دیا۔