واشنگٹن ( ندیم منظور سلہری سے ) ایران اور بھارت نے مل کر دہشتگردوں کیخلاف کارروائیاں کرنے اور سی پیک کے مقابلے میں چا بہار بندرگاہ کو کامیاب کرنے کی حکمت عملی تیار کر لی۔ بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج اور ایرانی نائب وزیر خارجہ سید عباس عرقچی کے درمیان طے پا یا کہ دونوں ملک دہشتگردوں کی نرسریاں ختم کرنے کے لئے مل کر کام کرینگے ۔ واشنگٹن کے تھنک ٹینک اداروں کے مطابق ایران کبھی خطے میں سعودی عرب کے بڑھتے ہوئے اثرورسوخ کو برداشت نہیں کریگا۔ سعودی ولی عہدشہزادہ محمد بن سلمان کے دورہ پاکستان کے موقع پر عمران حکومت نے جس طرح انہیں پروٹوکول دیا اس پر ایرانی قیادت کو تحفظات ہیں۔ادھربھارت کے سابق مرکزی وزیر بنڈارور تاتریہ کا کہنا ہے کہ بھارت نے ٹرمپ انتظامیہ کو آگاہ کیا کہ مستقبل میں بھارت اور ایران مل کر پاکستان کی دہشتگرد تنظیموں کے خلاف مشترکہ آپریشن کرینگے ۔ بھارت، ایران اور افغانستان ایسے معاہدے پر دستخط کرنے کا پلان بنا رہے ہیں کہ اگر پاکستان کی دہشتگرد تنظیموں نے تینوں میں سے ایک کے خلاف دہشت گردی کی تو مشترکہ کاروائی کرینگے اور سرجیکل سٹرائیکس کے ذریعے اہداف حاصل کرنے کی کوشش کی جائیگی۔