لاہور، پشاور (نیوز رپورٹر، کرائم رپورٹر ، سٹاف رپورٹر )پاکستان ریلوے پولیس نے لاہور میں بڑی کارر وائی کرتے ہوئے بھارت جانے والی گڈز ٹرین سے ساڑھے 8 کلو گرام ہیروئین برآمد کر لی، گڈز ٹرین کی بوگی نمبر 60113کے پریشر سلنڈر میں ہیروئین کے 11 پیکٹ چھپائے گئے تھے جن کا وزن 8 کلو575گرام تھا ، انسپکٹر ریلوے پولیس رانا بابر اور سب انسپکٹر حسن جعفری و عملہ ریلوے ٹی ایکس آر نے دوران چیکنگ ہیروئن برآمد کی جسے جرائم پیشہ عناصر بھارت بھجوانا چاہتے تھے ۔ایس ایچ او تھانہ ریلوے پولیس لاہور پرویز اختر نے ہیروئین کے 11 پیکٹس کو اینٹی نارکوٹکس فورس کے حوالے کر دیا ، آئی جی پاکستان ریلوے پولیس واجد ضیا نے ہیروئین برآمد کرنے پر ریلوے پولیس لاہور ڈویژن شاہد نواز کی کارکردگی کو سراہا اور ہدایت کی کہ بھارت جانے والی ٹرینوں کی چیکنگ کو مزید سخت کیا جائے ، متعلقہ اہلکاروں کو تعریفی سرٹیفکیٹ اور نقد انعام دیا گیا۔ پشاور میں اینٹی نارکوٹکس فورس نے باچا خان ایئرپورٹ پر گارگو پیکٹ سے منشیات بر آمد کر لی ہے ، منشیات ہنگو کی ایک کمپنی کے ذریعے بک کی گئی تھی ،اے این ایف نے ایئرپورٹ کارگو ٹرمینل میں بک کئے گئے سامان سے منشیات برآمد کرلی ، منشیات نہایت مہارت سے ٹراؤزر میں چھپائی گئی تھی، بیرون ملک بھیجے جانے والا سامان کو ہنگو کی ایک کمپنی کے ذریعے دوحہ کے لئے بک کیا گیا تھا، ٹریڈنگ کمپنی کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔