لکھنؤ(نیٹ نیوز) بھارتی ریاست اتر پردیش میں ایک خاتون مسلمان سکول ٹیچر نے حجاب اتارنے پر مجبور کرنے پر استعفی دیدیا۔بھارتی ریاست اتر پردیش کے دارالحکومت لکھنؤ کے ایک سکول میں ٹیچر فاطمہ حسن کوسکول انتظامیہ کی جانب سے دھمکی دی گئی کہ یا تو حجاب اتار دیں یا پھر استعفیٰ دیدیں کیونکہ حجاب کی وجہ سے سکول انتظامیہ کو نقصان ہو رہا ہے ۔بھارتی میڈیا کے مطابق فاطمہ حسن متعلقہ سکول میں ایک سال سے انگریزی پڑھا رہی تھیں اور وہ ہمیشہ سے حجاب استعمال کرتی تھیں لیکن کبھی بھی سکول انتظامیہ کی جانب سے اس بات پر اعتراض نہیں کیا گیا۔گزشتہ ماہ سکول پرنسپل نے فاطمہ حسن سے کہا کہ آپ کو حجاب کے بغیر سکول میں بچوں کو پڑھانا ہوگا کیونکہ آپ کے حجاب کی وجہ سے سکول کو خسارے کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔فاطمہ حسن نے 3 نومبر کو اپنا استعفیٰ سکول انتظامیہ کو پیش کیا جس میں انہوں نے لکھا کہ انہیں حجاب اتار کر ملازمت کرنا منظور نہیں اس لیے وہ استعفیٰ دے رہی ہیں۔