کراچی(این این آئی)اکیسویں صدی کی عورت پہلے کے مقابلے میں زیادہ خود مختار، خوشحال اور با اعتماد نظر آتی ہے مگر دنیا بھر کی 3 ارب 3 کروڑ خواتین میں سے ایک بڑی تعداد ان خواتین کی ہیں جن کی قسمت آج بھی نہ بدل سکی، گلوبلائزیشن، ٹیکنالوجی اور انڈسٹرلائزیشن کے باوجود وہ آج بھی مردوں کے مقابلے میں کمزور، پسماندہ، غیر محفوط اور دوسروں پر انحصار کر رہی ہیں، عالمی یوم خواتین پر تھامس رائٹرز فائونڈیشن نے ایک سروے کیا جس کے ذریعے یہ جاننے کی کوشش کی گئی کہ کون سے ممالک خواتین کے لیے سب سے بدتر ثابت ہوئے ہیں] اس سروے میں بھارت سرفہرست اور پاکستان چھٹے نمبر پر آیا، سروے کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ خواتین کو سب سے زیادہ جنسی زیادتی کا سامنا بھارت میں کرنا پڑتا ہے ، خواتین سے بیگار لینے میں بھی بھارت پہلی پوزیشن پر ہے ، افغانستان میں خواتین کو صنفی امتیاز کا سامنا ہے 80 فیصد خواتین ناخواندہ ہیں، جنگ زدہ شام میں خواتین کو جسمانی اور جنسی تشدد کا سامنا ہے ، فلاحی اداروں کی جانب سے امداد کی فراہمی کے بدلے میں بھی جنسی تعلقات کا مطالبہ کیا جارہا ہے ، چوتھے نمبر پر صومالیہ، پانچویں نمبر پر سعودی عرب اور چھٹے نمبر پر پاکستان ہے ، پاکستان کے بارے میں کہا گیا ہے یہاں خواتین کو غیرت کے نام پر قتل کیا جاتا ہے ، ساتویں نمبر پر کانگو، آٹھویں نمبر پر یمن، نویں نمبر پر نائجیریا جبکہ 10 ویں نمبر پر امریکہ ہے ، امریکہ کے بارے میں کہا گیا ہے یہاں خواتین کو جنسی تشدد اور ہراسانی کا سامنا ہے ۔