واشنگٹن(نیٹ نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھارت، روس اور چین کو کچرا سمندر میں پھینک کر لاس اینجلس کے ساحل کو گندا کرنے کا ذمہ دار ٹھہرا دیا ہے ۔بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق ’’اکنامک کلب آف نیویارک‘‘ میں ماحولیات پرتقریب سے خطاب کرتے ہوئے امریکی صدر نے کہا کہ بھارت، چین اور روس نے صنعتی فضلا اور شہری کچرے کو ٹھکانے لگانے کیلیے کچھ نہیں کیا۔صدر ٹرمپ نے پیرس ماحولیاتی معاہدے کو امریکہ کے لیے تباہی قرار دیتے ہوئے کہا کہ امریکہ کو کھربوں ڈالر کا نقصان ہوا جبکہ روس مزید پیچھے چلا گیا ہے اور چین میں 2030ء سے پہلے کچھ نہیں ہونے والا۔امریکی صدر نے کہا کہ معاہدے کا ایک اور فریق بھارت خود کو ترقی پذیر ملک ظاہر کرکے ہم سے فنڈز مانگتا ہے اور جواباً میں انہیں کہتا ہوں کہ امریکہ بھی ترقی پذیر ملک ہے ، آپ ہمیں رقم دو۔ صدر ٹرمپ کی اس بات پر شرکا بے ساختہ ہنس پڑے ۔