نئی دہلی (آئی این پی)بھارت کی سابق ریاستی وزیر سنگیتا کو سسرال والوں نے آگ لگا کر جھلسا دیا ، ساس ،سسر اور شوہر گرفتار کر لئے گئے ۔بھارتی میڈیا کے مطابق سابق ریاستی وزیر، معروف فوک سنگر اور للت کلا اکیڈمی کی سابق نائب صدر سنگیتا یادو بری طرح جھلس گئیں انہیں فوری ہسپتال میں داخل کرایا گیا۔ڈاکٹروں کے مطابق ان کی حالت خطرے سے باہر ہے ۔ سنگیتا نے الزام لگایا کہ شوہر ، ساس اور سسر نے جہیز کے لالچ میں جلاکر مارنے کی کوشش کی۔سنگیتا کے بھائی نے جہیز کے مطالبے کا کیس درج کرایا جس پر پولیس نے ساس، سسر اور شوہر کو گرفتار کرلیا۔ 24نومبر 2016 کو ان کی شادی بدلاپور علاقے کے بٹھوا کلا کے رہنے والے درگین یادو کے ساتھ ہوئی تھی جو جنوبی ہند میں تعینات ہیں۔سنگیتا لکھنو میں سکونت پذیر ہیں۔ گزشتہ روز وہ سسرال پہنچیں جہاں کمرے میں سورہی تھیں کہ تینوں نے بستر پر پٹرول چھڑک کر آگ لگا دی ۔سنگیتا کے چیخنے کی آواز سن کر جیٹھانی اور ان کے بچوں نے آکر آگ بجھائی۔