وجے واڈا ( نیوزایجنسیاں ) بھارت میں کورونا مریضوں کیلئے بطور قرنطینہ سنٹر استعمال ہونے والے ہوٹل میں اچانک آگ بھڑک اُٹھی جس سے 11افراد جھلس کر ہلاک ہوگئے ۔ اے ایف پی کے مطابق سینئر پولیس افسر سرینی رسولو نے بتایا کہ آندھرا پردیش کے شہر وجے واڈا کے ہوٹل سوارنہ پیلس میں صبح پانچ بجے آگ لگی ۔ ریسکیو ٹیموں نے کثیر منزلہ عمارت میں سے لوگوں کو نکالنا شروع کیا اور کم از کم 22افراد کو ہسپتال منتقل کیا گیا۔آگ لگنے کی وجہ ممکنہ طور پر الیکٹریکل شارٹ سرکٹ ہو سکتا ہے ۔آگ ہوٹل کے گراونڈ فلور پر لگی جس نے پہلے پہلی منزل، پھر دوسرے فلور کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ آتشزدگی کے وقت ہوٹل میں کووڈ-19 کے 50 مریض اور طبی عملے کے 10 ارکان بھی موجود تھے ۔