نئی دہلی (نیٹ نیوز) بھارت کے سابق وزیراعظم منموہن سنگھ نے کہا ہے کہ قوم پرستی اور بھارت ماتا کی جے جیسے نعروں کو بھارت کے عسکریت پسند اور جذباتی تصور کی تعمیر کیلئے غلط طور پر استعمال کیا جا رہا ہے ،جس نے کروڑوں شہریوں کو معاشرے سے بیدخل کر دیا۔جواہر لال نہرو کے متعلق کتاب کی تقریب رونمائی سے خطاب کرتے ہوئے منموہن سنگھ نے کہا اگر دنیا بھر میں بھارت کو ایک متحرک جمہوریت اور اہم عالمی طاقت تسلیم کیا جاتا ہے تو اسکی وجہ نہرو ہیں جنہیں اس کا معمار تسلیم کیا جانا چاہئے ۔نہرو نے فیصلہ کن ایام میں اس ملک کی قیادت کی اور اسکے معاشرتی اور سیاسی تنوع کو اہم آہنگ کیا، تاہم آج بھارت وہ ملک نہیں جسکی قیادت نہرو نے کی تھی۔ منموہن سنگھ نے مزید کہا تاریخ سے نابلد اور اپنے غرور اور تعصب کے اسیر چند لوگوں کا گروہ نہرو کی غلط تصویر کشی کرتا ہے تاہم تاریخ میں یہ صلاحیت موجود ہے کہ وہ غلط اور جھوٹے تصورات کو رد کر دیتی ہے اور چیزوں کوصحیح تناظر میں رکھتی ہے ۔