واشنگٹن (اے ایف پی ) امریکہ نے بھارت سے مطالبہ کیا کہ مقبوضہ کشمیر میں تناؤ کم کرنے کیلئے بنیادی آزادیاں بحال اور نظربندوں کو فوری طور پر رہا کرے ۔امریکی محکمہ خارجہ کی سینئر افسر نے جس نے مقبوضہ وادی کا حال ہی میں دورہ کیا ہے ، نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر کہا کہ امریکہ کو گرفتاریوں کی رپورٹس اور خطے کے باشندوں پر مسلسل پابندیوں پر تشویش ہے ۔ انہوں نے کہا امریکہ انفرادی حقوق کے احترام ، قانونی طریقہ کار کی تعمیل اور جامع بات چیت پر زور دیتا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم بھارت کے خدشات سے واقف ہیں لیکن اس پر زور دیتے رہتے ہیں کہ وہ خطے میں معمولات کی بحالی کیلئے جلد از جلد کام کرے ۔