پشاور(92 نیوزرپورٹ ، نیوزایجنسیاں ) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت کو تبدیلی کے عمل میں ہر جگہ مزاحمت کا سامنا ہے ۔پشاورمیں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا عوام سے کہتا ہوں آپ نے گھبرانا نہیں۔ اصلاحات کے عمل میں ایف بی آر، ٹیکس معاملات، طبی شعبے ، تجارت سمیت ہرجگہ مزاحمت کا سامنا ہے ۔ سٹیٹس کونے ہمارے تمام ادارے تباہ کردیے ۔ حکومتیں 5 سال پورے کرنے آتی ہیں لیکن ہم اصلاحات کیلئے آئے ہیں۔ہم دباؤ برداشت کریں گے لیکن کسی صورت اصلاحات سے پیچھے نہیں ہٹیں گے ۔ تبدیلی کے بغیر پاکستان آگے نہیں جا سکتا، انتظامی انفرا اسٹرکچر تبدیل کیے بغیر آگے نہیں جا سکیں گے ۔ ملک میں کاروبارکیلئے آسانیاں پیدا کررہے ہیں، ملک کا مستقبل روشن ہے ، 2019 مشکل سال تھا، ہمارا روپیہ مستحکم اور سرمایہ کاری بڑھ رہی ہے جبکہ چین کیساتھ سی پیک معاہدہ ہماری خوش قسمتی ہے ۔پاکستان کا بہترین ٹیلنٹ اوورسیز پاکستانی ہیں۔ اوور سیز پاکستانی کمفرٹ زون سے نکلیں اور پاکستان واپس آئیں۔ وزیراعظم نے کہا امریکہ میں بھارت کی لابی بہت طاقتورہے ، اوورسیز پاکستانی بھی اپنی لابی مضبوط کریں۔نریندرمودی ہٹلر کے پیٹرن پر چل رہا ہے ،21 ویں صدی میں بھی ہم بھارت میں فاشسٹ اقدامات دیکھ رہے ہیں۔ بھارت مقبوضہ کشمیر میں آبادی کا تناسب بدل کر جنگی جرم کر رہا ہے ۔ بھارت میں بوتل سے نکلا جن واپس نہیں جائے گا۔متنازع قانون کیخلاف سکھ، پارسی، اعتدال پسند اور پڑھے لکھے ہندو بھی احتجاج کر رہے ہیں۔ بھارت احتجاج سے توجہ ہٹانے کیلئے فالس فلیگ آپریشن کرسکتا ہے ۔دریں اثناء وزیراعظم کی زیر صدارت خیبر پختونخوا کابینہ کا اجلاس ہوا۔وزیراعظم کو کابینہ کی کارکردگی اور کامیابیوں سے متعلق بریفنگ دی گئی۔وزیر اعظم سے صوبائی کابینہ کے ارکان نے بھی ملاقات کی۔گورنر شاہ فرمان، وزیر اعلی ٰمحمود خان، چیف سیکرٹری، آئی جی پولیس اور سینئر افسران بھی ملاقات کرنے والوں میں شامل تھے ۔وزیراعظم نے کابینہ ارکان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا بدقسمتی سے ماضی میں اس علاقے کے عوام کو نظرانداز کیا گیا۔ موجودہ حکومت نے انضمام شدہ علاقوں کیلئے ریکارڈ فنڈزمہیا کیے ہیں، انضمام شدہ علاقوں میں نوجوانوں کیلئے روزگار کے مواقع فراہم کرنا ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے ۔خیبر پختونخوا میں پی ٹی آئی پر عوام نے دوبارہ اعتماد کا اظہار کیا ہے اسلئے اب ہمارے اوپر زیادہ ذمہ داری ہے کہ عوام کی بھر پور خدمت کریں۔ وزیر اعظم نے کہا سعودی عرب نے سیاحت کے شعبے میں سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار کیا ہے ۔ خیبر پختونخوا حکومت اس پہلو پرخصوصی توجہ دے تاکہ صوبے میں موجود سیاحت کے استعداد کو بروئے کار لایا جا سکے ۔