نئی دہلی (صباح نیوز،این این آئی)بھارت کی ریاست تامل ناڈو میں پاورپلانٹ میں دھماکے سے 6 افراد ہلاک اور 16 زخمی ہوگئے ۔بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق دومہینوں کے دوران یہ دوسرا واقعہ ہے ۔رپورٹ میں کہا گیا کہ بھارت کی وفاقی حکومت کے زیر انتظام چلنے والے این ایل سی انڈیا لمیٹڈ کے پاورپلانٹ کے پانچویں یونٹ میں دھماکہ ہوا اور اس وقت مزدور پلانٹ کو دوبارہ فعال کررہے تھے ۔این ایل سی کے عہدیداروں کا کہنا تھا کہ واقعہ میں 6 افراد ہلاک ہوئے اور دیگر 16 زخمی ہوئے ہیں، جنہیں چنئی کے ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ زخمیوں کی عمریں 25 سال سے 42 سال کے درمیان ہیں اور ان میں کنٹرکٹ پر کام کرنے والے ملازمین بھی شامل ہیں۔زخمیوں کے بارے میں انہوں نے کہا کہ متعدد زخمی 40 فیصد جھلس چکے ہیں۔رپورٹ کے مطابق کمپنی کے ترجمان گورو سوامی ناتھن نے بتایا کہ بوائلر فعال نہیں تھا لیکن ہم اس کی تحقیقات کررہے ہیں۔مقامی میڈیا کے مطابق 11 مزدوروں کی حالت انتہائی تشویش ناک ہے ۔