اسلام آباد ( خبر نگار خصوصی، 92 نیوز رپورٹ) وفاقی وزیر برائے مواصلات مراد سعید نے کہا ہے وزیراعظم عمران خان نے بہت بڑی جنگ شروع کردی ہے اور میں اس جنگ میں شامل مہروں کو بتانا چاہتا ہوں کہ پاکستان ہے تو آپ ہیں۔پریس کانفرنس کے دوران مراد سعید نے کہا ہم نے پاکستان پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرنا۔ بھارت پاکستان میں فساد پھیلانا چاہتا ہے ۔ ناموس رسالت ﷺپر ہماری جان بھی قربان۔ عمران خان نے پہلی بار ختم نبوت ﷺکا مقدمہ عالمی فورم پر لڑا۔ہم فرانسیسی صدر کے الفاظ کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔ اظہار رائے کے نام پر مسلمانوں کی دل آزاری ہوئی۔ بھارتی میڈیا وزیراعظم عمران خان کیخلاف مہم چلارہا ہے اور اس مہم پر بھارت میں جشن منایا جا رہا ہے ۔ کیا وجہ ہے بھارت اپوزیشن کی تعریفیں کررہا ہے ۔ کیا وجہ ہے بھارت نوازشریف سے محبت کررہا ہے ؟مسئلہ کشمیر پر ایک سال میں 3بار بحث ہوئی۔ عمران خان مودی کا اصل چہرہ دنیا کے سامنے لائے ۔ کشمیریوں پر مظالم ڈھانے والا بھارت یکدم بوکھلاہٹ کا شکار ہوگیا ہے ۔پاکستان کو بلیک لسٹ کرنے کا خواب دیکھنے والے پچھتا رہے ہیں جبکہ پاکستان پر حملہ آور ہونے والوں کو بھی منہ کی کھانا پڑی ہے ۔