نئی دہلی (نیٹ نیوز) ڈیووس میں ورلڈ اکنامک فورم میں خطاب کے دوران وزیراعظم عمران خان کی جانب سے مودی کے بھارت کا نازی جرمنی سے موازنہ کرنے پر بھارتی میڈیا کو مرچیں لگ گئیں اور اس نے عمران خان کیخلاف بغض کا اظہار کرنا شروع کر دیا۔ وزیراعظم عمران خان نے ہندوتوا اور آر ایس ایس کے نظریات کو ہدف تنقید بناتے ہوئے بھارت میں مسلمانوں اور دیگر اقلیتوں کے حقوق اور مقبوضہ کشمیر پر مودی سرکار کے اقدامات پر تحفظات کا اظہار کیا تھا، بھارتی میڈیا نے اسے بھارت کے اندرونی معاملات میں دخل اندازی قرار دیکر الزام لگانا شروع کر دیا کہ پاکستان دہشت گردوں کی حمایت کرتا ہے اور لائن آف کنٹرول پر سیزفائر کی خلاف ورزیاں بھی کرتا ہے ۔ سوشل میڈیا صارفین نے حکومت کے حامی بعض مخصوص ٹی وی چینلز پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ اصل موضوع سے توجہ ہٹانے کی کوشش کر رہے ہیں، مودی سرکار کے اقدامات سے ملک بھر میں خانہ جنگی کا سا ماحول پیدا ہو گیا ، اس لئے بھارتی میڈیا کو پاکستان پر الزام تراشی چھوڑ کر اپنے ملک میں ہونیوالے احتجاج پر اور لوگوں کے مطالبات پر دھیان دینا چاہئے ۔