جنیوا(این این آئی)اقوام متحدہ کے کئی ورکنگ گروپوں، خصوصی نمائندوں نے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے بھارت پر زور دیا ہے کہ وہ انسانی حقوق کے عالمی اعلامیے کے مطابق کشمیریوں کوحقوق کی فراہمی ، ایک آزاد اور غیر جانبدار ٹریبونل کے سامنے انکے مقدمات کی منصفانہ پیروی کو یقینی بنائے کیلئے ضروری اقدامات کرے ۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق اقوام متحدہ کے ورکنگ گروپوں اور نمائندوں نے ایک مشترکہ اعلامیے میں کہا کہ انہیں مقبوضہ کشمیر میں اظہار رائے کی آزادی، حق اجتماع پر پابندی اور سیاسی رہنمائوں، صحافیوں، سول سوسائٹی کے ارکان ، انسانی حقوق کے کارکنوں کی گرفتاریوں کی رپورٹس موصول ہوئی ہیں ، دفعہ 370 اور 35اے کی منسوخی سے کشمیریوں کو حاصل کئی مراعات کا خاتمہ ہو گا ، کشمیر میں مزید لاکھوں اہلکار تعینات کیے گئے جبکہ کئی سیاستی رہنمائوں کوحراست میں رکھا گیا، صحافیوں، سول سوسائٹی کے ارکان، انسانی حقوق کے کارکنوں سمیت سینکڑوں شہری گرفتار کر لیے گئے ،موبائل فون ، انٹرنٹ سروسز بھی بند ہیں اور اخبارات آن لائن ایڈیشن اپ ڈیٹ نہیں کر پا رہے ، صحافیوں کو آزادانہ طریقے سے کام نہیں کرنے دیا جا رہا ۔ 9 اگست کو 10سے زائد کشمیریوں نے سرینگر میں احتجاج کیا، بھارتی فورسز نے پیلٹ گنوں، آنسو گیس کا بے دریغ استعمال کیا جس سے کئی افراد زخمی ہوئے ، بھارتی فوجیوں نے چھاپے مار کر کئی کشمیری نوجوانوں کو گرفتار کرلیاجن میں سے بیشتر کے بارے میں کوئی اطلاع نہیں کہ انہیں کہا ں رکھا گیا ۔ اعلامیہ میں مقبوضہ کشمیرمیں اظہاررائے اور پرامن جلسے جلوس کرنے کی آزادی اور زندہ رہنے کا حق چھینے پر شدید تشویش ظاہر کیا گیا ۔