اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک،این این آئی) پاکستان نے ایک بار پھر بھارت کو کورونا وائرس سے نمٹنے کی کوششوں میں مدد کی پیش کش کردی،ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چودھری نے میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کہاکہ کورونا کی حالیہ لہر نے ہمارے خطے کو سخت متاثر کیا، پاکستان نے اظہار یکجہتی کے طور پر بھارت کو امداد کی پیشکش کی،جذبہ خیر سگالی کے تحت بھارت کو فوری طور پر وینٹی لیٹر، ڈیجیٹل ایکسرے مشینیں دینے کو تیار ہیں۔انہوں نے بھارتی جیلوں میں قید کشمیری رہنماؤں کی صحت سے متعلق اظہارتشویش کیا،زاہدحفیظ نے کہاکہ اطلاعات کے مطابق بھارتی جیلوں میں موجود کچھ کشمیری رہنما کورونا وائرس میں مبتلا ہیں، بھار ت گرفتار کشمیری قیادت کو فوری رہا کرے ،افغان طالبان مکمل طور پر ہمارے قابو میں نہیں،پاکستان افغانستان میں قیام امن کیلئے مثبت کردار جاری رکھے گا،افغانستان مین غیر ملکی افواج کا انخلا باقاعدہ طریقہ کار کے تحت ذمہ دارانہ طور پر ہونا چاہیے ،سعودی عرب کی جانب سے ایران سے اچھے تعلقات کے قیام کے بیان کا خیر مقدم کرتا ہے ۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہاکہ گزشتہ برس افغان طالبان اور امریکہ کے درمیان معاہدے میں پاکستان نے اہم کردار ادا کیا۔ ترجمان دفترخارجہ نے کہاکہ پاکستان نے کبھی بھارت کے ساتھ مذاکرات سے راہ فرار اختیار نہیں کی،ہم پاک بھارت مسائل بالخصوص جموں و کشمیر کے حل کیلئے کسی بھی تیسرے فریق کے کردار کاخیر مقدم کرتے ہیں۔ بھارت کا مقبوضہ کشمیر میں موجودہ رویہ اور ماحول پاک بھارت مذاکرات کیلئے سازگار نہیں۔ انہوں نے کہاکہ ہماری مسلح افواج کے کسی دوسرے ملک کیخلاف جارحانہ عزائم نہیں ہیں تاہم کسی قسم کی مہم جوئی کی صورت میں پاکستانی مسلح افواج ہر خطرے کے جواب کوتیار ہیں۔ترجمان دفترخارجہ نے کہاکہ ہم بھارت کا افغان امن عمل میں کسی قسم کا مثبت کردار نہیں دیکھتے ۔