لاہور،اسلام آباد( 92 نیوز رپورٹ،سٹاف رپورٹر)چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا نے کہا ہے کہ بھارت کی غاصبانہ خواہشات خطے کی صورتحال کو غیر مستحکم کر رہی ہیں۔ ترجمان پاک بحریہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق گزشتہ روزچیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی نے پاکستان نیول وار کالج لاہور کا دورہ کیا جبکہ کمانڈنٹ وار کالج ریئر ایڈمرل محمد زبیر شفیق نے ان کا استقبال کیا ۔ اس موقع پرچیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف جنرل ندیم رضا نے 49ویں نیول سٹاف کورس کے شرکاسے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کی غاصبانہ خواہشات خطے کی صورتحال کو غیر مستحکم کر رہی ہیں۔ پیچیدہ سکیورٹی صورتحال سے نمٹنے کیلئے جامع اور مشترکہ حکمت عملی کی ضرورت ہے ۔پاک بحریہ کا قابل فخر ماضی بہادری اور قربانیوں کا غماز ہے ۔ایک جدید فوج کے طور پرپاک بحریہ نے ہمیشہ عوامی خواہشات کے مطابق ملکی بحری سرحدوں کی حفاظت کی ۔ جنرل ندیم رضا نے 21ویں صدی میں بدلتی ہوئی جنگی صورتحال،ہائبرڈ وارفیئر کے چیلنجز ، عالمی و جنوبی ایشیا کی صورتحال اور قومی سکیورٹی پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ اکیسویں صدی کی جنگ اب ہائبرڈ وارفیئر یا گرے زون وار فیئر میں تبدیل ہو چکی ہے جس میں بغاوت، دہشتگردی اور بے قاعدہ جنگ شامل ہیں۔ جنرل ندیم رضا نے پی این وار کالج میں یادگار شہدا پر پھولوں کی چادر بھی چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔