نئی دہلی (این این آئی)کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا(مارکسٹ) کے جنرل سیکرٹری اور بھارتی پارلیمنٹ کے سابق رکن سیتا رام یچوری نے کہا ہے کہ بھارت کی کشمیر مخالف کارروائیاں باعث شرم ہیں۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق سیتا رام یچوری نے ایک بیان میں مقبوضہ کشمیر میں سوشل میڈیا صارفین کیخلاف درج کئے جانیوالے مقدمات پرمودی سرکار کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ بھارتی حکومت ایک طرف کشمیر میں حالات معمول پر آنے کی بات کر رہی ہے جبکہ دوسری طرف انٹرنیٹ استعمال کرنیوالے افراد کیخلاف مقدمات درج کئے جارہے ہیں ۔ بی جے پی حکومت غیر ملکی وفود کو کشمیر کے دورے پر لے جاتی ہے لیکن ملکی رہنمائوں کو وہاں جانے سے روک رہی ہے جبکہ سوشل میڈیا استعمال کرنے پر کشمیری نوجوانوں کیخلاف شدت پسندی کے الزامات عائد کئے جاتے ہیں۔