نئی دہلی(صباح نیوز) بھارتی اداکار سمیر شرما نے مبینہ طور پر خودکشی کر لی ہے ۔بھارتی میڈیا کے مطابق ٹی وی اداکار سمیر شرما ممبئی میں اپنے گھر میں مردہ حالت میں پائے گئے ۔سمیر شرما نے سیریل ’’یہ رشتے ہیں پیار کے ‘‘،’’ کہانی گھر گھر کی‘‘،’’ لیفٹ رائٹ لیفٹ‘‘،’’ اس پیار کو کیا نام دوں‘‘ میں کام کیا تھا۔پولیس کے مطابق سمیر شرما نے اسی سال فروری میں اپارٹمنٹ کرائے پر لیا تھا۔ رات کو ڈیوٹی کے دوران سوسائٹی کے چوکیدار نے لاش دیکھ کر سوسائٹی کے دوسرے لوگوں کو بتایا۔ملاد پولیس سٹیشن کے سینئر انسپکٹر نے بتایا کہ سمیر شرما کی انسٹاگرام پر ڈپریشن سے متعلق پوسٹ بھی دیکھی گئی ہیں، تصور کیا جا رہا ہے کہ شاید وہ بھی ڈپریشن میں مبتلا تھے ۔ سمیر شرما نے ’’ ہنسی تو پھنسی‘‘ اور’’ اتفاق‘‘ جیسی ہندی فلموں میں بھی کام کیا۔یاد رہے کہ دو ماہ قبل 34سالہ بھارتی اداکار سوشانت سنگھ نے بھی خودکشی کر لی تھی۔