ممبئی(مانیٹرنگ ڈیسک) بھارتی ٹی وی اداکار سوو چکربورتی نے فیس بک لائیو سیشن کے دوران اپنی جان اپنے ہاتھوں لینے کی دھمکی دی ہے ۔ بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی پولیس اور فیس بک صارفین اس وقت چوکنا ہوگئے جب ٹی وی ڈراموں کے اداکار سوو چکربورتی نے فیس بک پر لائیو سیشن کے دوران دھمکی دی کہ کورونا وبا کے باعث ہونے والے لاک ڈاؤن کے دوران کام نہ ملنے کی وجہ سے وہ خودکشی کرلیں گے ۔ ٹی وی اداکار سوو چکربورتی نے بھی اپنی جان لینے کا سبب کورونا وبا کی وجہ سے ہونے والے لاک ڈاؤن اور بے روزگاری کو قرار دیتے ہوئے کہا کہ گزشتہ ایک برس سے وہ مالی مشکلات سے دوچار ہیں۔فیس بک صارفین نے اداکار کی جانب سے خودکشی کیے جانے کی دھمکی دینے کے بعد پولیس کو اطلاع دی اور پولیس فوراً اداکار کے گھر پہنچ گئی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اب اداکار محفوظ ہیں۔پولیس کے ترجمان نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ ہفتے کی رات ہمیں ایک فیس بک صارف کی کال آئی جس میں اس نے ہمیں اداکار کی دھمکی کے بارے میں بتایا تو ہم نے فوراً ایکشن لیا۔ اداکار سوو چکربورتی نے ہمیں بتایا کہ اس کے پاس اگست 2020 سے کوئی کام نہیں ۔واضح رہے کہ اداکار سوو چکرپورتی نے متعدد ڈراموں میں مختصر کردار ادا کیے ہیں جن میں ’’منگل چاندی‘‘ اور’’ مناسا‘‘شامل ہیں۔