بھارتی فوج مقبوضہ کشمیر میں ریاستی دہشت گردی جاری رکھے ہوئے ہے اور اس نے ایک ہی دن میں 8کشمیریوں کو شہید اور درجنوں کو زخمی کر دیا۔ پاکستان نے کشمیریوں کی شہادت کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی فوج نے مقبوضہ وادی کو ایک ملٹری کیمپ میں تبدیل کر دیا ہے۔ دنیا کے کئی ممالک میں آزادی کی تحریکیں چلتی رہی ہیں اور چل رہی ہیں لیکن غالباً بھارت واحد ملک ہے جہاں آزادی پسندوں کے خلاف سب سے زیادہ ظلم و ستم کیا جاتا ہے بھارتی فوج خواتین کا احترام کرتی ہے نہ بچوں کو معاف کرتی ہے ۔بھارتی فوج کے ان انسانیت سوز مظالم اور دہشت گردی کے باوجود مقبوضہ کشمیر کے عوام آزادی کے حصول کی خاطر مسلسل قربانیاں دے رہے ہیں۔ عالمی اداروں خصوصاً اقوام متحدہ کو چاہیے کہ وہ کشمیر میں بھارتی دہشت گردی کا نوٹس لے‘ اور بھارت کو کشمیریوں کے خلاف مظالم سے روکے اور اپنی منظور کردہ قرار دادوں کے مطابق بھارت پر زور دے کہ وہ کشمیر میں منصفانہ اور شفاف استصواب رائے کرائے اور کشمیریوں کو ان کا حق خود ارادیت دے تاکہ وہ اپنی مرضی‘ منشا اورخواہش کے مطابق اپنی زندگی گزار سکیں ۔یہ بات طے ہے کہ جب تک مسئلہ کشمیر حل نہیں ہوتا اس وقت تک برصغیر میں امن نہیں ہو سکتا یہی وجہ ہے کہ پاکستان تنازعہ کشمیر کے حل پر ہمیشہ سے سے زور دیتا آیا ہے لیکن بھارتی ہٹ دھرمی کے باعث علاقے کا امن دائو پر لگا ہوا ہے جس کا عالمی برادری کو نوٹس لینا چاہیے تاکہ علاقے کی سلامتی اور امن کو یقینی بنایا جا سکے۔