لاہور؍ملتان؍ پشاور (اپنے رپورٹر سے ؍سٹاف رپورٹر؍نمائندہ خصوصی؍ نمائندگان 92 نیوز) بھارت کی جانب سے پاکستانی فضائی حدود کی خلاف ورزی کے اقدام کے خلاف ملک بھر میں عوام سڑکوں پر نکل آئے ۔ٹائون ہال ایڈمنسٹریٹو سٹاف یو نین لاہور کی جانب سے مظاہرہ کیا گیا اور مودی کا پتلا نذر آتش کیا گیا۔ گوجرانوالہ میں جماعت اسلامی نے گوندلانوالہ چوک میں مظاہرہ کیا ،مودی کا پتلا نذر آتش کیا گیا۔ٹوبہ ٹیک سنگھ میں ڈسٹرکٹ بار کے وکلاء نے ریلی نکالی۔سوات میں بھی ریلی نکالی گئی اور مودی کے خلاف نعرے لگائے گئے ۔کرک میں تحصیل چوک سے صدام چوک تک ریلی نکالی گئی۔ملتان، وہاڑی، اوچ شریف، حیدرآباد، جیکب آباد،لاڑکانہ،ہالہ، خضدار، ہنگو، اورکزئی ،پشاور میں بھی مختلف مقامات پر پاک فوج کی حمایت میں مظاہرے اور مودی کے پتلے نذرآتش کئے گئے ۔