اسلام آباد ( وقائع نگار خصوصی ) سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے جمعہ کو پارلیمنٹ ہائوس میں پاک فضائیہ کے سربراہ مجاہد انور خان نے ملاقات کی۔ اس موقع پر سپیکر اسد قیصر نے ملکی دفاع کیلئے پاک فضائیہ کے کردار کو سراہا اور کہا کہ دفاع وطن کیلئے پاک فضائیہ کی خدمات کو فراموش نہیں کیا جا سکتا، پوری قوم دفاعی اداروں کے پیچھے کھڑی ہے ۔اس موقع پر ایئر چیف نے کہا کہ کسی بھی جارحیت کی صورت میں پاک فضائیہ ہر دم تیار ہے ، وطن عزیز کے دشمنوں کی ہر حرکت پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔ اس موقع پر سپیکر اور پاک فضائیہ کے سربراہ نے پاکستان ویلفیئر ٹائون کے قیام پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ سپیکر نے کہا کہ پاکستان ویلفیئر ٹائون سے محروم طبقات کو آگے آنے کا موقع ملے گا اور ایک ہی چھت کے نیچے نادار افراد کو تمام سہولیات میسر آئیں گی، معاشرہ کے کمزور طبقات کی مدد کرنا ان کا مشن ہے ، پاکستان ویلفیئر ٹائون کیلئے ہر قسم کا تعاون کروں گا۔ ایئر چیف نے بھی یقین دلایا کہ پاکستان ویلفیئر ٹائون کے قیام کیلئے فضائیہ اور راشد میموریل ٹرسٹ کا بھی تعاون حاصل رہے گا۔