مکرمی !پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے سربراہ نے حال ہی میں انکشاف کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں حالیہ دہشتگردی اور دہشتگرد تنظیموں کی تمام کارروائیوں کے پیچھے بھارت ملوث ہے جبکہ ان سب کے پیچھے افغانستان میں موجود بھارتی کرنل راجیش کا ملک میں کام کرنے والی دہشتگر د تنظیموں کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے، جبکہ بھارت نے حال ہی میں 30 داعش دہشتگردوں کو پاکستان اور اس کے ملحقہ ملکوں میں منتقل کیا ہے۔ جبکہ ’’را‘‘ اور افغان انٹیلی جنس ایجنسی این ڈی ایس بلوچستان میں علیحدگی پسند جماعتوں بی ایل اے، بلوچ ریپبلکن آرمی اور بی ایل ایف کی نہ صرف مالی مدد کر رہی ہیں بلکہ کابل، نمروز اور قندھار میں قائم ٹریننگ کیمپوں میں پاکستان کے دشمن عناصر اور دہشتگردوں کو خصوصی تربیت بھی دی جا رہی ہے۔ افغانستان میں موجود ’’را‘‘ کے حکام ان دہشتگردوں کو افغانستان سے بھارت، متحدہ عرب امارات اور یورپی ممالک بھجوانے کے لئے جعلی دستاویزات بنوانے میں بھی پیش پیش ہیں۔بھارت تسلیم کرے یا نہیں لیکن دنیا کی تمام اہم طاقتیں جانتی ہیں کہ بھارت اس پورے خطے کے لیے ایک خطرہ ہے۔انہیں چاہیے کہ وہ بھارت کو پاکستان کے خلاف دہشت گردی کی سہولت کاری سے روکیں۔ واضح رہے کہ بلوچستان میں گڑبڑ پیدا کرنے کیلئے بھارتی ایجنسی ’’را‘‘ نے اپنے اہلکاروں اور افغان انٹیلی جنس کے بعض حکام کو بلوچی زبان کے کورس بھی کروائے ہیں۔ اس کے علاوہ ’’را‘‘ کے ایک ونگ نے دنیا بھر کے تمام عالمی فورمز پر بلوچستان میں علیحدگی پسندی کی تحریک کو ہوا دینے کا بیڑہ بھی اٹھا رکھا ہے۔ (شہزاد احمد، ملتان)