لاہور،قصور، پاکپتن، سیالکوٹ،اسلام آباد(نمائندہ خصوصی سے ، نمائندگان، نیوزایجنسیاں ) گورونانک دیو جی کے جنم دن تقریبات میں شرکت کیلئے آنے والے سکھ یاتریوں کی بھارت واپسی کا سلسلہ مکمل ہو گیا۔ جمعرات کوبھارت سے آئے سکھ یاتریوں کا دوسرا جتھہ بھی واہگہ بارڈر کے راستے پیدل بھارت چلا گیا ۔واہگہ بارڈر پرپاکستان سے محبت کا والہانہ اظہار کرتے ہوئے پاکستان زندہ باد ،عمران خان زندہ باد کے نعرے بھی لگائے ۔ڈپٹی سیکرٹری شرائنز عمران گوندل نے چیئرمین بورڈ کی طرف سے یاتریوں کو خصوصی تحائف اور گلدستے پیش کر کے الوداع کیا۔سکھوں کے اہم مذہبی رہنما بابا پرنندر پال سنگھ گیانی نے واہگہ بارڈر پر گفتگو کرتے ہوئے کہا بابا گورو نانک دیو جی کے جنم دن کے موقع پر پاکستان میں گزرے دن زندگی کے خوشگوارترین دن تھے ۔ بہترین انتظامات کی بدولت بابا گورو نانک دیو جی کے 550ویں جنم دن کی تقریبات زندگی بھر یاد رکھی جائیں گی ۔ گورو نانک یونیورسٹی کا قیام،یادگاری سکہ اور ڈاک ٹکٹ کا اجراسکھ قوم سے محبت کا منہ بولتا ثبوت ہے ۔سردار سوہن سنگھ خالصہ نے کہا پاکستان ہمارا دوسرا گھر ہے ۔حسین یادیں لیکر واپس جارہے ہیں اور دنیا بھر میں پاکستان سے ملنے والی محبت اور رواداری کے پیغام کو پھیلائیں گے ۔دریں اثناء بابا گورونانک کے جنم دن کی تقریبات میں شرکت کیلئے مختلف ممالک سے پاکستان آنے والے سکھوں کے وفد نے جمعرات کو پارلیمنٹ ہائوس کا دورہ کیا۔ وزارت پارلیمانی امور کی دعوت پر پارلیمنٹ ہائوس کا دورہ کرنے والوں میں امریکہ سے آئے سکھ بھی شامل تھے ۔ سکھ یاتریوں نے میڈیا سے گفتگو میں کہاپاکستان نے سکھ برادری کے دل جیت لئے ہیں۔ہمارے ساتھ جس محبت اور خلوص کا اظہار کیا جارہا ہے اسے کبھی فراموش نہیں کرسکیں گے ۔سیالکوٹ سے ڈسٹرکٹ رپورٹرکے مطابق 125 سکھ یاتریوں نے گوردوارہ بابے بیری کا دورہ کیا اور مذہبی رسومات اداکیں۔ یاتریوں میں خواتین بچے اور بوڑھے بھی شامل تھے ۔ بعدازاں سکھ یاتری گرودارہ کرتار پور چلے گئے ۔ پاکپتن سے ڈسٹرکٹ رپورٹر کے مطابق سکھ یاتریوں کے 167 رکنی وفد نے عظیم صوفی بزرگ حضرت بابا فرید گنج شکر رحمتہ اﷲ علیہ کے مزار پر حاضری دی، بہشتی دروازے کی زیارت کی۔سکھوں کا کہنا تھا دربار پر آکر من کو بہت سکون ملا ،جو دل میں تمنائیں لیکر آئے ہیں وہ ضرور پوری ہوں گی ۔قصور سے نمائندے کے مطابق سردار رنجیت سنگھ کی قیادت میں سکھ یاتریوں کے وفد نے دربارحضرت بابا بلھے شاہ پر بھی حاضری دی۔وفد میں 160کے قریب مرد و خواتین شامل تھے ۔وفد کو پھولوں کے ہار اور چادریں بھی پہنائی گئیں۔