سرینگر (نیوزایجنسیاں )بھارتی سپریم کورٹ کے حکم کے باوجود مقبوضہ وادی میں نظام زندگی بدستور مفلوج ہے ۔ حالات معمول پر لانے کیلئے بھارتی حکومت نے کوئی قدم نہیں اٹھایا۔ مقبوضہ کشمیر میں بدترین کرفیو اور سخت پابندیوں کا سلسلہ بدھ کو 45 ویں روز بھی جاری رہا۔بازار، کاروباری مراکز، دکانیں اور تعلیمی ادارے بند جبکہ سڑکوں پر گاڑیوں کی آمدورفت معطل ہے ۔ مسلم اکثریتی علاقوں میں انٹرنیٹ اورموبائل فون جیسے مواصلاتی رابطے منقطع اور ٹی وی نشریات بند ہیں۔سخت پابندیوں کے باعث وادی کشمیر کے عوام کو شدید مشکلات کا سامناہے ۔ غذائی بحران میں شدت آگئی ہے ، ادویات بھی نایاب ہوچکی ہیں۔ کئی علاقوں میں کشمیریوں کی بڑی تعداد نے بھارتی مظالم کے خلاف سڑکوں پرآکراحتجاج کیا۔