ملتان (خبر نگار) برصغیر پاک و ہند کے عظیم روحانی پیشواء حضرت شاہ رکن الدین عالم ؒ کے 706 ویں سالانہ عرس کے آخری نشست میں سجادہ نشین و وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود حسین قریشی نے اسلامی ملکوں کے اتحاد، بھارتی و کشمیری مسلمانوں کے مشکلات سے نجات اور پاکستان کی سلامتی کے لیئے خصوصی دعا کراتے ہوئے کہا ہے ہندوستان اور مقبوضہ کشمیر کے مسلمان سنگین حالت سے دوچار ہیں، یا رب العالمین ان کی مدد فرما ، کچھ قوتیں پاکستان کو کمزور کرنا چاہتی ہیں، پاکستان اور یہ خطہ بڑی مشکلات میں ہیں، پاکستان بہت سی مشکلات میں گھرا ہوا ہے یا رب العالمین ! دشمن کے عزائم خاک میں ملا دے ۔ اللہ تعالیٰ پاکستان کو رہتی دنیا تک شادو آباد رکھے ، پاکستان کی مشکلات کم کریں ، اسی طرح کشمیر کی آزادی اور بھارت میں مسلمانوں پر مظالم کے خاتمے کے لیے دعا کروائی ، آستانہ شاہ رکن الدین عالم پر آنے والے تما زائرین جھولیاں بھر کر جائیں کوئی خالی ہاتھ نہ لوٹے ، یا رب العالمین ! یہاں تمام زائرین جھولیاں بھرنے کی امید سے پھیلائے بیٹھے ہیں،بیماروں کو شفا، بے اولادوں کو اولاد نرینا، پریشان حال افراد کی مشکلات دور فرما دے ،اے پروردگار قرض میں جکڑے افراد کو قرضوں سے آزادی عطا فرما دے ،یا اللہ ! دین اسلام اور پاکستان کی خیر فرما دے ، آزاد کشمیر سمیت ملک بھر سے زائرین پہنچے ہیں ہندوستان حکومت جماعت غوثیہ کو ویزے نہیں دے رہی، اولیاء اللہ کے آستانے روحانی فیض اور برکات کے سرچشمے ہیں اور یہ انشاء اللہ ہمیشہ آباد رہیں گے ۔صدیوں سے لاکھوں زائرین کی ہر سال آمد کا نہ ٹوٹنے والا سلسلہ اِس حقیقت کا واضح ثبوت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بادشاہوں ، شہنشاہوں اور سلطانوں کے نام و نشان اور اُن کی سلطنتوں کے وجود اور آثار مِٹ گئے لیکن اِن اولیاء اللہ کے نام بھی زندہ ہیں اور اِن کے آستانے بھی شاد و آباد ہیں۔