لاہور( آن لائن )قومی ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے مقبوضہ کشمیر کی عوام پر بھارتی مظالم کے خلاف وزیر اعظم عمران خان کی آواز سے آواز ملانے کا اعلان کردیا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہا تھا کہ میں13ستمبر کو مظفر آباد میں بڑا جلسہ کرنے جارہا ہوں جس میں دنیا کوبتادوں گا کہ وادی کشمیر پر بھارتی فوج نے مسلسل محاصرہ کر رکھا ہے ، میں کشمیریوں کویقین دلاتا ہوں پاکستان ان کے ساتھ کھڑا ہے ۔وزیر اعظم عمران خان کے اس ٹویٹ کے بعد شاہد آفریدی نے اپنے ٹویٹر پیغا م میں پاکستان عوام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آئیں ہم سب ملکر کشمیریوں کی آواز بننے کے لیے وزیر اعظم عمران خان کے ساتھ کھڑے ہوں،اس کے لیے میں رواں جمعہ کو مظفر آباد میں موجود ہوں گا۔