کولگام(رائٹرز) مقبوضہ کشمیر، جسے جنت نظیر قرار دیا جاتا ہے میں بھارتی فوج کے ظلم و ستم اور ہتک آمیز رویوں کے باعث نوجوان نسل بندوق اٹھانے پر مجبور ہو رہی ہے اور اپنا حق لینے کیلئے مسلح جدوجہد میں شامل ہو رہی ہے ۔پلوامہ میں خودکش حملہ کرنیوالے مقامی نوجوان عادل احمد ڈار کے والد نے بھی میڈیا سے گفتگو میں کہا تھا کہ بھارتی فوجی میرے بیٹے کیساتھ ہتک آمیز سلوک کرتے تھے ،تلاشی کے نام پر گھنٹوں کھڑا رکھتے ،تشدد کرتے جسکی وجہ سے اس نے بدلہ لینے کی ٹھانی۔ بھارتی حکام کے مطابق اسلحہ اٹھانے والے نوجوانوں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے اور 2016 کے بعد 400 مقامی نوجوان عسکریت پسندوں میں شامل ہوئے ہیں۔بھارتی فوج کے ریٹائرڈ جنرل سید عطاحسنین نے کہا کہ جو نسل 80 اور 90 کی دہائی میں پیدا ہوئی اس نے صرف فوجی بوٹ ہی دیکھے ،اس نسل کی تنہائی پچھلی نسل سے زیادہ ہے ، نوجوانوں کے بندوق اٹھانے پر حیرانی نہیں ہونی چاہئے ۔